وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’ستھرا پنجاب‘‘ وژن کے تحت مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کو ممکنہ اربن فلڈنگ اور نکاسی آب کے مسائل سے محفوظ رکھنے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کا شہر بھر میں ڈرین ڈی سلٹنگ آپریشن جاری ہے،
ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کا شہر بھر میں ڈرین ڈی سلٹنگ آپریشن جاری

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 29 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’ستھرا پنجاب‘‘ وژن کے تحت مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کو ممکنہ اربن فلڈنگ اور نکاسی آب کے مسائل سے محفوظ رکھنے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کا شہر بھر میں ڈرین ڈی سلٹنگ آپریشن جاری ہے،جس کے تحت راولپنڈی کی مختلف یونین کونسلز میں نالیوں کی بھرپور صفائی کی جا رہی ہے تاکہ بارش کا پانی بلا رکاوٹ گزر سکے اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا نہ ہو۔صفائی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر نالیوں میں جمع مٹی، کچرے، پلاسٹک بیگز اور دیگر رکاوٹوں کو صاف کر رہی ہیں جبکہ نکالا جانے والا ملبہ فوری طور پر مقررہ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ ڈرینج سسٹم ہر وقت مکمل طور پر فعال رہے۔
ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی و سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق مون سون ایمرجنسی پلان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد جاری ہے اور شہر کے حساس مقامات پر خصوصی ٹیمیں اور مشینری تعینات کر دی گئی ہیں۔ بارش کے دوران بھی فیلڈ سٹاف 24 گھنٹے الرٹ ہے تاکہ نکاسی آب کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نالیوں میں گھریلو کوڑا کرکٹ یا تعمیراتی ملبہ ہرگز نہ پھینکیں اور صفائی برقرار رکھنے میں ادارے سے تعاون کریں تاکہ مون سون کے دوران نکاسی آب کا نظام مؤثر اور بلا تعطل کام کرتا رہے۔








