گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے 283ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور عقیدت کا اظہار کیا۔اس موقع پر انہوں نے ملک و قوم کی سلامتی، امن، استحکام، ترقی، خوشحالی …
گورنر سندھ نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس مبارک کی تقریبات کاافتتاح کر دیا

مزید خبریں
کراچی۔ 29 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے 283ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور عقیدت کا اظہار کیا۔اس موقع پر انہوں نے ملک و قوم کی سلامتی، امن، استحکام، ترقی، خوشحالی اور اتحادِ امت کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ آج حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار پر حاضری میرے لیے باعثِ مسرت اور سعادت ہے۔انہوں نے کہاکہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کی تعلیمات محبت، امن، رواداری، اخوت، انسان دوستی اور باہمی احترام کا لازوال پیغام ہیں۔انہوں نے کہاکہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کا فکر و فلسفہ سندھ کی تہذیب، ثقافت، روحانیت اور صوفی روایات کا درخشاں استعارہ ہے،ان کا آفاقی پیغام آج بھی معاشرے میں برداشت، بھائی چارے، محبت، ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دے رہا ہے۔ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ نوجوان نسل کو حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کی تعلیمات، فکر، شاعری اور صوفیانہ ورثے سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے،ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم ایک پرامن، متحد، باوقار، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عرس مبارک صرف ایک مذہبی اور ثقافتی تقریب نہیں بلکہ ہماری صوفی روایات، قومی شناخت، روحانی اقدار اور تہذیبی ورثے کی تجدید کا عظیم مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کی تعلیمات نسل در نسل انسانیت، محبت، امن اور بھائی چارے کا چراغ روشن کرتی رہیں گی۔عرس مبارک کی افتتاحی تقریب میں عوامی نمائندوں، مشائخِ عظام، زائرین، ادبی و ثقافتی شخصیات، سرکاری حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔گورنر سندھ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی ہر مذہب اور ہر طبقے کے لوگوں کے لیے محبت، امن اور انسان دوستی کا پیغام لے کر آئے،
ہم سندھ کے لوگوں کو شاہ جو رسالو جیسے عظیم علمی و روحانی خزانے سے فیض حاصل کرنے کا اعزاز ملا ہے،شاہ جو رسالو کا دنیا کی مختلف زبانوں میں ترجمہ ہونا چاہیے تاکہ دنیا حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کی عظمت اور فکر سے آگاہ ہو،جب لوگ تلواروں سے ایک دوسرے سے برسرِ پیکار تھے، حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی محبت، امن اور اخوت کا درس دے رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ دنیا کو معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان محبت، رواداری اور امن کا علمبردار ہیں۔حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کا پیغام صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام ہے، ان کی تعلیمات آج بھی نفرتوں کے خاتمے اور انسانیت کے فروغ کا موثر ذریعہ ہیں۔








