آزاد کشمیر کے میرپورڈویژن میں شدید گرمی کے باوجود عوام نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ اپنا جمہوری حقِ رائے دہی استعمال کیا، چوہدری طارق فاروق

"چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے میرپور ڈویژن میں شدید گرمی کے باوجود عوام نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ اپنا جمہوری حقِ رائے دہی استعمال کیا۔”

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):مسلم لیگ (ن )آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ 27 جولائی کو آزاد جموں و کشمیر کے میرپورڈویژن میں شدید گرمی کے باوجود بھرپور عوامی مہم کے بعد عوام نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ اپنا جمہوری حقِ رائے دہی استعمال کیا،پاکستان مسلم لیگ (ن) نے انتخابی مہم کے دوران تعمیر و ترقی، بہتر طرزِ حکمرانی، آئینی و قانونی استحکام، عوامی خدمت اور خوشحال آزاد جموں و کشمیر کا جو وژن پیش کیا عوام نے اس پر اپنے اعتماد کی مہر ثبت کی۔

اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام نے بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مستقبل کا فیصلہ بیلٹ کے ذریعے کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کے اعتماد سے پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر نے نمایاں کامیابی حاصل کی اور 13 میں سے 9نشستوں پر کامیابی اپنے نام کی جبکہ چار نشستیں پاکستان پیپلز پارٹی کے حصے میں آئیں۔ میں اپنی جماعت کے تمام نومنتخب امیدواروں اور پیپلز پارٹی کے جیتنے والے امیدواروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات اس لحاظ سے بھی اہم ہیں کہ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر میں ایک عرصے سے جاری سیاسی جمود کو توڑا ہے، عوام نے واضح طور پر سیاسی جماعتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنے مسائل کے حل، حقوق کے تحفظ اور خطے کی ترقی کے لئے مینڈیٹ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے انتخابی مہم کے دوران تعمیر و ترقی، بہتر طرزِ حکمرانی، آئینی و قانونی استحکام، عوامی خدمت اور خوشحال آزاد جموں و کشمیر کا جو وژن پیش کیا عوام نے اس پر اپنے اعتماد کی مہر ثبت کی۔ اس سلسلے میں قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور مریم نواز شریف کی انتخابی مہم اور عوامی اجتماعات نے بھی اہم کردار ادا کیا۔مجموعی طور پر انتخابات پرامن رہے، اگرچہ چند مقامات پر معمولی ناخوشگوار واقعات پیش آئے تاہم انتخابی عمل مجموعی طور پر اطمینان بخش رہا، جہاں کہیں انتظامی کمزوریاں، غفلت یا کوتاہیاں سامنے آئیں امید ہے کہ چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر اور متعلقہ ادارے ان کا سنجیدگی سے جائزہ لے کر آئندہ مراحل میں ان کا مؤثر تدارک کریں گے۔طارق فاروق نے کہا کہ میں پُرامید ہوں کہ 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرینِ مقیم پاکستان کی نشستوں پر ہونے والے انتخابات اور اس کے بعد 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں ہونے والے انتخابات بھی اسی جذبہ امن، شفافیت اور جمہوری روایات کے ساتھ منعقد ہوں گے۔انہوں نے تمام نومنتخب اراکینِ قانون ساز اسمبلی کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ جماعتی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر آزاد جموں و کشمیر میں سیاسی و انتظامی استحکام، تعمیر و ترقی، قانون کی بالادستی، عوامی فلاح، انصاف کی فراہمی اور بالخصوص نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔اللہ تعالیٰ آزاد جموں و کشمیر کو امن، ترقی، استحکام اور خوشحالی سے ہمکنار فرمائے۔