گوادر پورٹ کی ترقی نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی معیشت کے لیے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے ، وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری
گوادر پورٹ کی ترقی نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی معیشت کے لیے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے ، وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 29 جولائی (اے پی پی):گوادر پورٹ نے دوسرا کمرشل بنکرنگ آپریشن (Commercial Bunkering Operation) کامیابی سے مکمل کر کے پاکستان کی بحری معیشت (Blue Economy) اور گوادر کو علاقائی میری ٹائم حب (Regional Maritime Hub) بنانے کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ اس بنکرنگ آپریشن کے دوران ایل این جی کیریئر (LNG Carrier) ایم وی ایکسیلیریٹ شینانڈوہ (M.V. EXCELERATE SHENANDOAH – IMO No. 9321768) کو گوادر پورٹ پر تقریباً 1,150 میٹرک ٹن کم سلفر فیول آئل (Low Sulphur Fuel Oil – LSFO) کامیابی سے فراہم کیا گیا۔ دن بھر جاری رہنے والا یہ بنکرنگ آپریشن بین الاقوامی حفاظتی، ماحولیاتی اور آپریشنل معیارات کے مطابق مکمل کیا گیا۔
بنکرنگ کے لیے بنکر بارج (Bunker Barge) ایم ٹی میرین اِسٹا (M.T. MARINE ISTA) کراچی سے گوادر پہنچی اور جہاز کو میرین فیول فراہم کیا۔ یہ بنکرنگ آپریشن گوادر پورٹ اتھارٹی (Gwadar Port Authority)، پاکستان کسٹمز (Pakistan Customs) اور دیگر متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے مکمل کیا گیا، جہاں تمام قانونی، ریگولیٹری، حفاظتی اور ماحولیاتی تقاضوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔ اس موقع پر گوادر پورٹ اتھارٹی کے احکام کا کہنا ھے کہ وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر پورٹ پر دوسرے کمرشل بنکرنگ آپریشن کی کامیاب تکمیل اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ گوادر تیزی سے بین الاقوامی بحری تجارت اور میری ٹائم سروسز کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے تحت گوادر پورٹ پر جدید سہولیات کی فراہمی، سرمایہ کاری کے فروغ اورعالمی شپنگ کمپنیوں کو معیاری خدمات مہیا کرنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کی ترقی نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی معیشت کے لیے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے کہا کہ دوسرے کمرشل بنکرنگ آپریشن کی کامیاب تکمیل گوادر پورٹ کی بڑھتی ہوئی صلاحیت، آپریشنل استعداد اور عالمی شپنگ کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا عملی مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اب قابلِ اعتماد میرین فیول سروسز فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور بنکرنگ سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ مستقبل میں مزید بین الاقوامی جہازوں کی آمد، نئی سرمایہ کاری، کاروباری مواقع اور روزگار کے فروغ کا باعث بنے گا۔ چیرمین نورالحق بلوچ نے مزید کہا کہ گوادر پورٹ کو ایک مسابقتی علاقائی بنکرنگ اورمیری ٹائم لاجسٹکس حب (Regional Bunkering and Maritime Logistics Hub) بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے اقدامات تیزی سے جاری ہیں، جبکہ بندرگاہ پر عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔








