ہالینڈ کے تجربہ کار کوچ رچرڈ ڈی سنائیجر پاکستان ویمنز ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

لاہور۔29جولائی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے خواتین ہاکی کے فروغ اور قومی ٹیم کی استعداد کار میں اضافے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے ہالینڈ کے تجربہ کار کوچ رچرڈ ڈی سنائیجر کو پاکستان ویمنز ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ فیڈریشن کے مطابق یہ تقرری خواتین ہاکی کی بحالی اور ترقی کے لیے مرتب کی گئی طویل المدتی حکمت عملی کا حصہ …

لاہور۔29جولائی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے خواتین ہاکی کے فروغ اور قومی ٹیم کی استعداد کار میں اضافے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے ہالینڈ کے تجربہ کار کوچ رچرڈ ڈی سنائیجر کو پاکستان ویمنز ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ فیڈریشن کے مطابق یہ تقرری خواتین ہاکی کی بحالی اور ترقی کے لیے مرتب کی گئی طویل المدتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ رچرڈ ڈی سنائیجر ہالینڈ اور بیلجیئم میں دو دہائیوں سے زائد عرصے تک اعلی سطح کی کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

وہ کے ایچ سی ڈریگنز اور ایل ایم ایچ سی لارن جیسے معروف یورپی کلبوں میں ٹیکنیکل ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔فیڈریشن کے مطابق نئے ہیڈ کوچ قومی کوچنگ ایڈوائزر ہرمن کروئس کے ساتھ مل کر قومی ویمنز ہاکی ٹیم کی تکنیکی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر کام کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ پاکستانی خواتین کھلاڑیوں کے لیے یورپی ہاکی کلبوں میں تربیت اور کھیلنے کے مواقع پیدا کرنے میں بھی کردار ادا کریں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے واضح کیا ہے کہ اس کا مقصد اسکول کی سطح سے لے کر قومی ٹیم تک لڑکیوں کی ہاکی کے لیے ایک مضبوط اور پائیدار نظام قائم کرنا ہے تاکہ مستقبل میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی مستقل بنیادوں پر تیاری ممکن بنائی جا سکے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کا کہنا کہ رچرڈ ڈی سنائیجر کی تقرری خواتین ہاکی میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی لڑکیاں بہترین مواقع کی حقدار ہیں ، فیڈریشن ان کی ہر ممکن سرپرستی کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جدید کوچنگ پروگرام اور موثر منصوبہ بندی کے ذریعے پاکستان خواتین ہاکی میں دوبارہ بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرے گا۔