ادارہ تحقیقات اسلامی کے 100 سکالرز کو پوسٹ ڈاکٹریٹ اسناد سے نوازا گیا

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیرِ اہتمام پوسٹ ڈاکٹریٹ اسناد کی تقسیم کی تقریب فیصل مسجد کیمپس کے علامہ اقبال آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں سیشن 25-2024 کے 100 سکالرز کو اسناد پیش کی گئیں۔ تقریب میں ان محققین کو باقاعدہ اسناد دی گئیں جنہوں نے مختلف علمی شعبوں میں تحقیقی و تعلیمی تقاضے کامیابی سے مکمل کئے،اس اہم …

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیرِ اہتمام پوسٹ ڈاکٹریٹ اسناد کی تقسیم کی تقریب فیصل مسجد کیمپس کے علامہ اقبال آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں سیشن 25-2024 کے 100 سکالرز کو اسناد پیش کی گئیں۔

تقریب میں ان محققین کو باقاعدہ اسناد دی گئیں جنہوں نے مختلف علمی شعبوں میں تحقیقی و تعلیمی تقاضے کامیابی سے مکمل کئے،اس اہم علمی اجتماع میں ملک بھر سے نامور اہلِ علم، جامعات کے سربراہان اور ممتاز محققین نے شرکت کی۔تقریب کی مہمانِ خصوصی وفاقی وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ واانہ تربیت وجیہہ قمر تھیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور ادارہ تحقیقات اسلامی کی اعلیٰ تعلیم کے میدان میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ پوسٹ ڈاکٹریٹ تحقیق قومی ترقی، پالیسی سازی اور تعلیمی قیادت کے فروغ میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔مہمانِ اعزاز اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر علامہ محمد راغب حسین نعیمی نے خطاب کرتے ہوئے سکالرز کی علمی کاوشوں اور عصرِ حاضر کی اسلامی فکر میں ان کے تحقیقی حصے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔کلیدی خطبہ دیتے ہوئے یونیورسٹی آف نارووال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق نے کہا کہ پوسٹ ڈاکٹریٹ تحقیق عصری سماجی مسائل کے حل اور مضبوط علمی ڈھانچے کی تشکیل میں انقلابی کردار ادا کرتی ہے۔ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم نے استقبالیہ خطاب میں ادارے کی تاریخی علمی روایت اور عالمی سطح پر وسعت پذیر تحقیقی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ادارہ اعلیٰ معیار کی تحقیق کے فروغ کے لئے پُرعزم ہے۔اظہارِ تشکر کرتے ہوئے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر و قائم مقام ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے سیشن 25-2024 کے پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوز کو کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے جامعہ کے عالمی معیار کی تحقیق کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا اور معزز مہمانان، اساتذہ اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر 100 پوسٹ ڈاکٹریٹ سکالرز میں اسناد تقسیم کی گئیں جس کے بعد گروپ فوٹو اور ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔