درجنوں یہودی آباد کاروں کا اسرائیلی فوج کے سخت حصار میں مسجد اقصی پر دھاوا، صحن میں تلمودی رسوم ادا کیں

"درجنوں یہودی آباد کار اسرائیلی فوج کے سخت حصار میں باب المغاربہ کے راستے زبردستی مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہوئے اور وہاں تلمودی رسوم ادا کیں۔”

مقبوضہ بیت المقدس ۔29جولائی (اے پی پی):درجنوں یہودی آباد کار اسرائیلی فوج کے سخت حصار میں بدھ کی صبح باب المغاربۃ کے راستے زبردستی مسجد اقصی کے صحن میں گھس گئے اور وہاں تلمودی رسوم ادا کیں۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق 176 یہودی آباد کاروں نے مسجد کے صحنوں کے اندر تلمودی رسومات ادا کیں، جن کے دوران انہوں نے رقص کیا ، گانے گائے اور زمین پر لیٹ کر مذہبی رسوم ادا کیں ۔ اس دوران قابض اسرائیلی فوج کی بھاری نفری وہاں موجود رہی جنہوں نے مسجد میں فلسطینیوں کے داخلے پر سخت پابندیاں عائد کرتے ہوئے سینکڑوں فلسطینیوں کو مسجد جانے سے روک دیا۔ گزشتہ ہفتے بھی 5411 سے یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی وزرا ،پارلیمنٹ کے ارکان کے ہمراہ ہیکل کی بربادی کی یادگار کے موقع پر مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں داخل ہو کر وہاں اپنی مذہبی رسوم ادا کی تھیں۔ اس صورتحال میں آئندہ ستمبر کے وسط سے اکتوبر کے اوائل تک چلنے والے یہودی تہوار کے دوران مسجد اقصیٰ میں یہودیوں کے دھاووں میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔