ڈپٹی کمشنر مری کا سرکاری سکول کا دورہ، تدریسی معیار اور سہولیات کا جائزہ

"ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے تعلیمی اداروں میں تدریسی معیار اور طلباء کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے ایک سرکاری سکول کا دورہ کیا۔”

مری۔29جولائی (اے پی پی):مری میں ڈپٹی کمشنرآغا ظہیر عباس شیرازی نے تعلیمی اداروں میں تدریسی معیار اور طلباء کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے سرکاری سکول کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے تدریسی عملے اور طلباء کی حاضری، کلاس رومز میں جاری تدریسی سرگرمیوں، صفائی کی صورتحال اور دیگر بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف کلاسوں کا دورہ کرتے ہوئے طلباء سے سوالات بھی کیے اور ان کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنایا جائے اور طلباء کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور احساس کے ساتھ ادا کریں اور بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔