اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کے موجودہ قانون کا جامع اور ازسرِنو جائزہ لیا جائے ، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت

"وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی (آئی ایچ آر اے) کے موجودہ قانون کا جامع اور ازسرِنو جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے تاکہ قانون میں موجود خامیوں اور عملی رکاوٹوں کی نشاندہی کی جا سکے۔”

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سیکرٹری وزارتِ قومی صحت کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی (آئی ایچ آر اے ) کے موجودہ قانون کا جامع اور ازسرِنو جائزہ لیا جائے تاکہ اس میں موجود خامیوں اور عملی رکاوٹوں کی نشاندہی کی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ موجودہ قانونی فریم ورک کو جدید تقاضوں اور مؤثر ریگولیٹری نظام سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ایک نیا اور جامع قانونی مسودہ (آرڈیننس/قانون) تیار کیا جائے تاکہ اسلام آباد میں صحت کے شعبے کی نگرانی، نجی و سرکاری طبی اداروں کی ریگولیشن اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے نظام کو مزید مضبوط، شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ قانون سازی کا مقصد صحت کے شعبے میں گورننس کو بہتر بنانا، ریگولیٹری خلا ء کو دور کرنا اور مریضوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔