ایم ڈی واسا لاہور کا نکاسی آب آپریشن کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ

"ایم ڈی واسا لاہور نے نکاسیٔ آب آپریشن اور مون سون انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور متعلقہ عملے کو نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔”

لاہور۔29جولائی (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور غفران احمد نے بارش کے دوران نکاسی آب کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ترجمان کے مطابق ایم ڈی واسا نے نور جہاں روڈ،ایم ایم عالم روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ،قذافی اسٹیڈیم،ظہور الہی روڈ اور لبرٹی چوک کا دورہ کیا۔ایکسیئن گلبرگ عثمان حیدر نے ایم ڈی واسا غفران احمد کو نکاسی آب آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ شہر بھر کے تمام انڈر پاسز اور ہاٹ سپاٹ پوائنٹس کلیئر ہیں،ٹریفک رواں دواں ہے،تمام افسران و عملہ بمعہ مشینری فیلڈ میں متحرک ہیں۔ایم ڈی واسا نے نشیبی علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور کہا ڈسپوزل اسٹیشنز،جنریٹرز اور مشینری کو ہر وقت مکمل فعال رکھا جائے۔قبل ازیں ،ایم ڈی واسا نے تاجپورہ بٹ چوک کا بھی دورہ کیا اور نکاسی آب آپریشن کا جائزہ لیا،اس موقع پر ڈائریکٹر عزیز بھٹی ٹاون شرجیل حسین نے ایم ڈی واسا کو تفصیلی بریفنگ دی۔واضع رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بدھ کے روز پہلے اسپیل میں لکشمی چوک15.8 ملی میٹر، اپر مال 1.8،مغلپورہ 44.4،تاجپورہ 38.6، نشتر ٹاون 4.4،چوک ناخدا 20.2،پانی والا تالاب 19.8،فرخ آباد 1، جوہر ٹاون 26.8،ڈیفنس روڈ 0، شادی پورہ،7.4 اور مناواں میں 13.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔سب سے زیادہ 44.4 ملی میٹر بارش مغلپورہ میں ریکارڈ کی گئی۔