سکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، فتنہ الخوارج اورفتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 32 دہشت گردوں ہلاک

"سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 32 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔”

راولپنڈی۔29جولائی (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج اورفتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 32 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اورفتنہ الہندوستان کے دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے تسلسل میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جامع مشترکہ آپریشنز جاری ہیں جن کا مقصد دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ ان دہشت گرد گروہوں کے 32 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر متعدد کلیئرنس اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے24 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔اسی دوران بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر متعدد آپریشنز کیے گئے جہاں شدید جھڑپ کے بعد فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر کے تباہ کر دیا گیا۔علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔وفاقی ایپکس کمیٹی برائے قومی ایکشن پلان کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن عزم استحکام کے تحت پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بلاامتیاز انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔