"وفاقی دارالحکومت میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سی ڈی اے اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سی ڈی اے میں بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام پر اصولی اتفاق کر لیا، جہاں کاروباری برادری کو مختلف محکموں سے متعلق امور کے لیے ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔”
کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور آئی سی سی آئی کا سی ڈی اے میں بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام پر اصولی اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے سی ڈی اے میں بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام پر اصولی اتفاق کر لیا ہے جہاں کاروباری برادری کو مختلف محکموں سے متعلق امور کی انجام دہی کے لیے ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔
یہ اہم پیش رفت چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف اور آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی۔ملاقات میں وفاقی دارالحکومت میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار دوست ماحول کی تشکیل، سرکاری امور میں سہولت اور انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔فیصلے کے مطابق مجوزہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کاروباری برادری، سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو سی ڈی اے سے متعلق متعدد خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کرے گا جس سے سرکاری کارروائیوں میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ، مختلف شعبوں کے درمیان موثر رابطہ اور کاروباری سہولتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔ملاقات کے دوران ایک اور اہم پیش رفت میں چیئرمین سی ڈی اے نے کاروباری برادری کے مطالبے پر فلور ایریا ریشو (ایف اے آر) چارجز کا جامع ازسرنو جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجروں، بلڈرز اور سرمایہ کاروں کے جائز تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے عملی، شفاف اور کاروبار دوست فیصلے کیے جائیں گے جو سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی کا باعث بنیں۔چیئرمین سی ڈی اے لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے کہا کہ کاروباری برادری قومی معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی ڈی اے سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار میں آسانی اور نجی شعبے کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات جاری رکھے گا۔ملاقات میں سٹیٹ مینجمنٹ-I (ای ایم-I)، سٹیٹ مینجمنٹ-II (ای ایم-II)، متاثرین (Affectees)، اراضی سے متعلق امور، بحالی (Rehabilitation)، بلڈنگ کنٹرول سیکشن (بی سی ایس)، رئیل سٹیٹ سیکٹر سمیت اسلام آباد کی کاروباری برادری کو درپیش دیگر اہم انتظامی مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سردار طاہر محمود نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد موثر حکمرانی، شفاف ضوابط اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون سے ہی بحال اور مستحکم ہوتا ہے۔ انہوں نے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام اور ایف اے آر چارجز پر نظرثانی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات کاروباری برادری کے دیرینہ مسائل کے حل، کاروبار میں آسانی کے فروغ، سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور اسلام آباد کو سرمایہ کاری کے لیے مزید پرکشش شہر بنانے میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔آئی سی سی آئی کے وفد میں سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر محمد عرفان چوہدری، چیئرمین رئیل اسٹیٹ کمیٹی اسرار الحق مشوانی، ایگزیکٹو ممبر ذوالقرنین عباسی اور معروف بلڈر حاجی اسلم بھی شامل تھے۔








