سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کی وسعت کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، بلال خان کاکڑ

"بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی بدولت صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔”

کوئٹہ۔ 29 جولائی (اے پی پی):بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی بدولت صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اپنے دفتر میں مقامی کاروباری شخصیات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت بلوچستان کو سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش اور محفوظ سرمایہ کاری کی منزل بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، جس سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ بلال خان کاکڑ نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت، مؤثر رہنمائی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ سے نہ صرف صوبے کی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور بلوچستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر مزید گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل، معدنیات، زراعت، توانائی، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں بے پناہ سرمایہ کاری کے مواقع رکھتا ہے، جن سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے صوبے کی معاشی ترقی کو نئی رفتار دی جا سکتی ہے۔