حکومت 2030ء تک 10 لاکھ طلبہ کو اے آئی کی تربیت فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے، شزہ فاطمہ خواجہ

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت نوجوانوں کے لئے بے شمار مواقع لے کر آئی ہے ،حکومت وزیراعظم کے وژن کے مطابق 2030ء تک 10 لاکھ طلبہ کو اے آئی کی تربیت فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دورے کے موقع پر پاکستان کے سب سے بڑے …

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت نوجوانوں کے لئے بے شمار مواقع لے کر آئی ہے ،حکومت وزیراعظم کے وژن کے مطابق 2030ء تک 10 لاکھ طلبہ کو اے آئی کی تربیت فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دورے کے موقع پر پاکستان کے سب سے بڑے مصنوعی ذہانت کے تربیتی پروگرام اے سی ٹی اے آئی کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ پروگرام اے آئی سکل برج کے زیرِ انتظام ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔

اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر رانا جلید احمد نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر سے 82 ہزار سے زائد طلبہ نے پروگرام کے لئے درخواستیں دیں جن میں سے سخت اور شفاف قومی سطح کے پروکٹورڈ امتحان کے بعد 100 جامعات کے 6 ہزار طلبہ کا انتخاب کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا پروگرام ہے جس میں ایچ ای سی کے سمارٹ کلاس روم نیٹ ورک کو بیک وقت ملک بھر میں تربیت کے لئے استعمال کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ پروگرام نیشنل اے آئی پالیسی 2025 سے مکمل ہم آہنگ ہے اور وزیراعظم کے اس وژن کی جانب پہلا عملی قدم ہے جس کے تحت 2030ء تک 10 لاکھ طلبہ کو مصنوعی ذہانت کی تربیت دی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے مختلف جامعات کے طلبہ سے براہِ راست گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر طلبہ نے تربیتی پروگرام کے دوران تیار کی گئی ورکنگ ایپلی کیشنز، ویب سائٹس اور اے آئی ایجنٹس کا عملی مظاہرہ پیش کیا جسے وفاقی وزیر نے سراہتے ہوئے طلبہ کی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔اپنے خطاب میں شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور مصنوعی ذہانت کی مہارت حاصل کرکے وہ نہ صرف اپنے لئے بہتر روزگار کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں بلکہ ملک کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ہر مرحلے پر نوجوانوں کی معاونت جاری رکھے گی جبکہ وزیراعظم پاکستان کو مصنوعی ذہانت کے لئے تیار ملک بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔تقریب میں بتایا گیا کہ اے سی ٹی اے آئی پروگرام اے آئی سکل برج نے پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام ، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اورہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے منعقد کیا۔ پروگرام کے فارغ التحصیل طلبہ کو چاروں شراکت دار اداروں کی مشترکہ توثیق شدہ اسناد جاری کی گئیں جبکہ دونوں بیچز کے 600 نمایاں طلبہ کو مصنوعی ذہانت کی جدید تربیت کے لئے خصوصی وظائف بھی فراہم کئے جائیں گے۔