وفاقی وزیر خزانہ کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس، گندم درآمدی طریقہ کار کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری
وفاقی وزیر خزانہ کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس، گندم درآمدی طریقہ کار کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری

مزید خبریں
اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے بدھ کووزارتِ خزانہ میں منعقد ہونے والی کابینہ کےاقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس کی ورچوئل صدارت کی۔اجلاس میں قومی غذائی تحفظ و تحقیق ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کیا گیا اور گندم کی درآمد سے متعلق ضروریات کے تعین اور آپریشنل طریقہ کار وضع کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اسٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔
اسٹیئرنگ کمیٹی کی سربراہی نائب وزیر اعظم کریں گے جبکہ اس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وفاقی وزیر تجارت، وفاقی وزیر اقتصادی امور، وفاقی وزیر قانون، نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ کے دفتر کے لیے وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے رابطہ، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے زراعت و غذائی تحفظ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تجارت، سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکرٹریز اور چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) شامل ہوں گے۔
کمیٹی گندم کی درآمد کی ضرورت کا جامع جائزہ لے گی، صوبوں کی طلب کا تعین کرے گی اور گندم کی ممکنہ درآمد کے حوالے سے مؤثر آپریشنل طریقہ کار مرتب کرے گی۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر توانائی (بجلی) سردار اویس احمد خان لغاری اور وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے شرکت کی۔اس کے علاوہ وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے زراعت و غذائی تحفظ، متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے وفاقی سیکریٹریز اور سینئر حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔








