"معروف شاعرہ، ادیبہ اور دانشور فہمیدہ ریاض کی 80 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ’’بیادِ فہمیدہ ریاض‘‘ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کی ادبی، شعری اور فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔”
فہمیدہ ریاض کی 80 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ’’بیادِ فہمیدہ ریاض‘‘ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
کراچی۔ 29 جولائی (اے پی پی):آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام نامور شاعرہ، ادیبہ اور دانشور فہمیدہ ریاض کی 80 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ’’بیادِ فہمیدہ ریاض‘‘ کے عنوان سے خصوصی تقریب جوش ملیح آبادی لائبریری میں منعقد ہوئی۔
تقریب کی صدارت ملک کی ممتاز شاعرہ زہرا نگاہ نے کی جبکہ صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں معروف ادیبہ و شاعرہ ڈاکٹر فاطمہ حسن، مرتضیٰ سولنگی اور سینئرصحافی و شاعرفاضل جمیلی نے فہمیدہ ریاض کی ادبی، فکری اور سماجی خدمات پر اظہارِ خیال کیا۔اس موقع پر فہمیدہ ریاض کی شاعری، نثر، فکری بصیرت، آزادی اظہار کے لیے ان کی جدوجہد اور اردو ادب میں ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اہلِ ادب، شعرا، ادبا، دانشوروں، طلبہ اور ادب سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ بعد ازاں فہمیدہ ریاض کی 80 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔








