"حکومت بلوچستان کے محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبے کے سمر اور ونٹر زون میں واقع سرکاری و نجی سکولوں کے لیے الگ الگ تعلیمی سال اور اکیڈمک کیلنڈر نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔”
بلوچستان میں سمر اور ونٹر زون کیلئے تعلیمی کیلنڈر نافذ، محکمہ تعلیم کانوٹیفکیشن جاری

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 29 جولائی (اے پی پی):حکومت بلوچستان کے محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبے کے سمر اور ونٹر زون کے سرکاری و نجی سکولوں کے لیے الگ الگ تعلیمی سال اور اکیڈمک کیلنڈر نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن لال جان جعفر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے مختلف موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تدریسی سرگرمیوں، امتحانات، داخلوں، ترقیوں اور تعطیلات کو منظم بنانے کے لیے سمر اور ونٹر زون کے لیے الگ تعلیمی شیڈول مرتب کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی نظام میں یکسانیت اور طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔نوٹیفکیشن کے مطابق سمر زون میں نیا تعلیمی سال یکم جنوری سے شروع ہوگا جبکہ گرمیوں کی تعطیلات 16 مئی سے 31 جولائی تک ہوں گی اور اسکول یکم اگست کو دوبارہ کھلیں گے۔ دوسری جانب ونٹر زون میں تعلیمی سال یکم مارچ سے شروع ہوگا، مختصر گرمیوں کی تعطیلات 22 سے 31 جولائی تک ہوں گی جبکہ طویل سرمائی تعطیلات 16 دسمبر سے 28 فروری تک جاری رہیں گی۔محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ سمر زون میں داخلہ مہم ہر سال 15 دسمبر سے 15 فروری جبکہ ونٹر زون میں 15 فروری سے 15 اپریل تک جاری رہے گی۔نوٹیفکیشن میں بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BBISE) اور بلوچستان اسیسمنٹ اینڈ ایگزامینیشن کمیشن (BAEC) کو مقررہ شیڈول کے مطابق امتحانات کے انعقاد اور نتائج بروقت جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مزید برآں، بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کو تعلیمی سال کے آغاز سے قبل مفت درسی کتب کی فراہمی یقینی بنانے جبکہ ڈائریکٹر ایجوکیشن (اسکولز)کو نئے تعلیمی کیلنڈر پر اس کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔








