وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وژن کے مطابق خواتین کو ہنر مند بنا کر معاشی طور پر خودمختار بنایا جا رہا ہے، محمد عثمان خان بیٹنی

"خیبر پختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اور ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نوشہرہ کے زیرِ اہتمام ہنرمند خواتین کے لیے روزگار میلے کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد خواتین کو روزگار کے مواقع اور کاروباری اداروں سے روابط فراہم کرنا تھا۔”

پشاور۔ 29 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اورویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نوشہرہ کے زیر اہتمام ہنرمند خواتین کے لیے روزگار میلے کا انعقادکیا گیا۔

محکمہ ٹیکنیکل ایجوکیشن خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق تقریب کا مقصد خواتین کو باعزت روزگار، کاروبار اور معاشی خودمختاری کے بہتر مواقع فراہم کرنا تھا۔میلے کی تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا اور بانی صدر نوشہرہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی زرعالم خان، منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ٹیوٹا میاں عبدالقادر شاہ، بانی رہنما نوشہرہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سردار فخر عالم خان اور چیئرپرسن ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری رابعہ تاج نے خصوصی شرکت کی اور ہنرمند خواتین کے قائم مختلف سٹالز کا دورہ کیا، اور ان کی فنی مہارت، تخلیقی صلاحیتوں اور کاروباری جذبے کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری، باوقار روزگار اور محفوظ کاروباری ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مساوی مواقع، محفوظ ماحول اور معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ معاشرے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔میلے کے انعقاد کے حوالے سےوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے فنی تعلیم محمد عثمان خان بیٹنی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ اور خواتین کو ہنر مند بنا کر معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی ترقی درحقیقت صوبے کی مجموعی ترقی کی ضمانت ہے، اور حکومت انہیں جدید، مارکیٹ پر مبنی ہنر، باعزت روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔محمد عثمان خان بیٹنی کا مزید کہنا تھا کہ کے پی ٹیوٹا کے تحت خواتین کے لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیتی پروگرام متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ وہ نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنرمند خواتین کے لیے روزگار میلوں کا انعقاد اور صنعت سے روابط کے فروغ جیسے اقدامات انہیں بااختیار بنانے اور پائیدار معاشی ترقی کے حصول میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔انہوں نے روزگار میلے کے کامیاب انعقاد پر GIZ، نوشہرہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور تمام منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا فنی تعلیم کے فروغ، خواتین کی ہنرمندی اور انہیں باعزت روزگار اور خودروزگار کے قابل بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔