وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کے حملہ کی مذمت،شہدا کو خراج عقیدت اور لواحقین سے اظہار تعزیت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کے حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزیر داخلہ نے خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی دیار خان سمیت تین اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے واقعے …

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کے حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزیر داخلہ نے خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی دیار خان سمیت تین اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔

محسن نقوی نے پولیس جوانوں کی شجاعت کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید ڈی ایس پی اور ان کے ساتھیوں نے اپنی جانیں قربان کرکے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ پولیس نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے 8 خوارجیوں کو جہنم واصل کیا اور اس بزدلانہ حملے کو مکمل طور پر ناکام بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہی ہے اور ہم ان کی اس شجاعت اور لازوال قربانیوں کو بے حد سلام پیش کرتے ہیں۔