مون سون بارشوں کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا ہائی الرٹ جاری

"مون سون بارشوں کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ ایگزیکٹو آفیسر عامر رشید کی خصوصی ہدایات پر ایمرجنسی سٹاف کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور نالوں کے اطراف رہائش پذیر افراد کو بھی ممکنہ خطرات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔”

راولپنڈی۔31جولائی (اے پی پی):مون سون بارشوں کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ایگزیکٹو آفیسر عامر رشید کی خصوصی ہدایات پر ایمرجنسی سٹاف کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ نالوں کے اطراف رہائش پذیر افراد کو بھی ممکنہ خطرات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

بارشوں کے دوران نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران، مشینری اور عملہ مکمل طور پر الرٹ ہے۔ترجمان راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق مون سون سیزن سے قبل خصوصی صفائی مہم کے دوران ٹینچ بھاٹہ، جان کالونی، اسلم مارکیٹ، حبیب کالونی، فرینڈز کالونی، شالے ویلی، رینج روڈ، رینج روڈ کالونی، ڈھوک بنارس، غازی آباد، کامران مارکیٹ، فیصل کالونی اور آڈرا 22 نمبر سمیت اہم نالوں کی صفائی تقریباً مکمل کر لی گئی ہے اور ان تمام مقامات کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ تمام متعلقہ عملہ 24 گھنٹے الرٹ ہے جبکہ بھاری اور ہلکی مشینری کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ نالوں میں کچرا، ملبہ یا دیگر فضلہ ہرگز نہ پھینکیں، انتظامیہ سے تعاون کریں اور کسی بھی شکایت یا ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں