ریسکیواہلکار جانوں کی پروا کیے بغیر مشکل ترین حالات میں انسانی جانوں کو بچانے کیلئے خدمات انجام دیتے ہیں،ڈپٹی کمشنر ساہیوال

ریسکیواہلکار جانوں کی پروا کیے بغیر مشکل ترین حالات میں انسانی جانوں کو بچانے کیلئے خدمات انجام دیتے ہیں،ڈپٹی کمشنر ساہیوال

چیچہ وطنی۔۔ 01 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ساہیوال سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 کے جوان اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر مشکل ترین حالات میں انسانی جانوں کو بچانے کے لیے خدمات انجام دیتے ہیں اور ایسے بہادر اہلکار پوری قوم کا سرمایہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں اڈا بوٹی پال کے قریب پرانے کنویں سے اینٹیں نکالتے مٹی کے تودے کے نیچے دب جانے والے دو مزدوروں کو کامیاب ریسکیو آپریشن کے ذریعے زندہ نکالنے والے ریسکیو 1122 کے 20 اہلکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر ایمرجنسی ریسکیو 1122 ڈاکٹر ظفر اقبال بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں فرض شناسی، پیشہ ورانہ مہارت اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرنے والے اہلکار ہر قسم کی تحسین کے مستحق ہیں۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالنے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق نے کامیاب ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے تمام 20 اہلکاروں میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں اور ان کی جرات، پیشہ ورانہ صلاحیت اور فرض شناسی کو سراہا۔واضح رہے کہ چند روز قبل اڈا بوٹی پال کے مقام پر ایک پرانے کنویں سے اینٹیں نکالتے ہوئے دو مزدور مٹی کے تودے تلے دب گئے تھے۔ ریسکیو 1122 کی پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں دونوں مزدوروں کو 10گھنٹے بعد بحفاظت زندہ نکال لیا گیاتھا۔