وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے، امریکی سرمایہ کار بلا تاخیر پنجاب میں سرمایہ کاری کریں حکومت انہیں ون ونڈو سہولت، تیز رفتار منظوریوں اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ وہ 30رکنی اعلی سطحی امریکی کاروباری وفد سے ملاقات اور خطاب کر رہی تھیں۔
امریکی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کریں حکومت انہیں ون ونڈو سہولت، کاروبار دوست ماحول کی فراہمی یقینی بنائے گی، مریم نواز

مزید خبریں
لاہور۔1اگست (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے، امریکی سرمایہ کار بلا تاخیر پنجاب میں سرمایہ کاری کریں حکومت انہیں ون ونڈو سہولت، تیز رفتار منظوریوں اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ وہ 30رکنی اعلی سطحی امریکی کاروباری وفد سے ملاقات اور خطاب کر رہی تھیں۔ وفد میں صحت، مصنوعی ذہانت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات، توانائی،مینوفیکچرنگ، ہاسپیٹیلٹی، الیکٹرانکس اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف کاروباری شخصیات شامل تھیں۔ وزیراعلی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ طویل عرصے سے پاکستان کا اہم اقتصادی شراکت دار رہا ہے اور اب دونوں ممالک کے تعلقات کو سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور نجی شعبے کے باہمی تعاون کے ذریعے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس ملاقات کے انعقاد میں معاونت پر سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب پاکستان کی معیشت کا انجن ہے، جو قومی جی ڈی پی میں55.7 فیصد، زرعی شعبے میں 57.5 فیصد، مینوفیکچرنگ میں48 فیصد اور خدمات کے شعبے میں57.4 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریبا13 کروڑ آبادی اور نوجوان افرادی قوت پنجاب کی سب سے بڑی طاقت ہے، جہاں65 فیصد آبادی کی عمر 30 برس سے کم ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں20 اسپیشل اکنامک زونز اور دو ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز موجود ہیں، جبکہ صوبہ پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ون گورنمنٹ، ون ونڈو سہولت، چیف منسٹرز گلوبل انویسٹمنٹ گیٹ وے اور "زیرو ٹائم ٹو اسٹارٹ” پالیسی کے ذریعے فوری کاروباری آغاز کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زونز میں دس سالہ انکم ٹیکس چھوٹ، درآمدی کیپیٹل گڈز پر رعایت، سبسڈائزڈ لیز ریٹس اور برآمدی و گرین انڈسٹریز کے لیے اضافی مراعات دی جا رہی ہیں جبکہ این او سیز اور دیگر منظوریوں کے عمل کے ساتھ ساتھ سرمایہ کار فوری طور پر کاروبار بھی شروع کر سکتے ہیں۔ وزیراعلی نے امریکی وفد کو حکومت پنجاب کے تین سالہ معاشی تبدیلی کے پروگرام "پیوٹ پر بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت صنعت، زراعت، لائیو اسٹاک، ایکوا کلچر، سیاحت، مہارتوں کی ترقی اور آئی ٹی سمیت اہم شعبوں میں مجموعی طور پر7.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متحرک کی جا رہی ہے جس میں سرکاری اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں قائم نواز شریف آئی ٹی سٹی، پنجاب آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ، نواز شریف میڈیکل سٹی، ایگرو پروسیسنگ پارکس، الیکٹرک موبلٹی پروگرام اور "اپنی چھت، اپنا گھر” جیسے منصوبے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ تین برسوں میں7.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متحرک کر رہی ہے جس میں3.9 ارب ڈالر سرکاری اور3.2 ارب ڈالر نجی شعبے کی سرمایہ کاری شامل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب15 لاکھ فرنٹیئر ٹیک گریجویٹس تیار کر رہا ہے جن میں40 فیصد خواتین شامل ہوں گی، جبکہ اس پروگرام سے1200 اسٹارٹ اپس، 32 ہزار انٹرنز اور مجموعی طور پر60 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ لاہور میں قائم نواز شریف آئی ٹی سٹی پاکستان کی پہلی آئی ٹی سٹی ہے جو 800 ایکڑ پر مشتمل اور دس سال کے لیے ٹیکس فری ہب ہے۔
انہوں نے امریکی شراکت داروں کو پنجاب اسٹارٹ اپ فنڈ، مصنوعی ذہانت، صحت، آئی ٹی، معدنیات، توانائی، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں حکومت ہر مرحلے پر سرمایہ کاروں کی معاونت کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جہاں چنیوٹ میں خام لوہے اور تانبے کے بڑے ذخائر، دنیا کا دوسرا بڑا پنک سالٹ ذخیرہ اور پلیسر گولڈ کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جن میں سرمایہ کاری کے روشن مواقع دستیاب ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب معاشی ترقی کے ایک فیصلہ کن مرحلے پر کھڑا ہے اور حکومت بغیر کسی تاخیر کے سرمایہ کاری منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
مریم نواز شریف نے امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب اسٹارٹ اپ فنڈ، جدید ٹیکنالوجی، صحت، معدنیات، زراعت، توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں شراکت داری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔اس موقع پر امریکی کاروباری وفد نے وزیراعلی پنجاب کو امریکہ کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ وفد نے پنجاب میں کاروباری ماحول، ترقیاتی منصوبوں اور اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کاروبار کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
وفد کے ارکان نے "ستھرا پنجاب” پروگرام کو "گیم چینجر” قرار دیا اور شریمپ فارمنگ، صحت، جدید ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد نے پنجاب حکومت کی مہمان نوازی، تعاون اور صوبے میں ہونے والی پیش رفت کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔








