ترجمان وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ مہم کامیابی سے جاری ہے ،ڈائریکٹر پروگرام برائے ہیپاٹائٹس سی ڈاکٹر ضیاء داوڑ کی نگرانی میں سکریننگ کاعمل جاری ہے ۔
اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ مہم کامیابی سے جاری ہے، ترجمان وزارتِ صحت

مزید خبریں
اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):ترجمان وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ مہم کامیابی سے جاری ہے ،ڈائریکٹر پروگرام برائے ہیپاٹائٹس سی ڈاکٹر ضیاء داوڑ کی نگرانی میں سکریننگ کاعمل جاری ہے ۔
ترجمان وزارت صحت نے کہا کہ سفارتی انکلیو کی سکیورٹی ڈویژن کے اہلکاروں کے لیے تین روزہ مفت موبائل ہیلتھ اسکریننگ کیمپ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ 29 سے 31 جولائی تک ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے تحت موبائل ہیلتھ اسکریننگ کیمپ کا کامیاب انعقاد ہوا ،کیمپ میں ہیپاٹائٹس بی، ہیپاٹائٹس سی، ایچ آئی وی اور ڈینگی کی مفت اسکریننگ کی سہولت فراہم کی گئی۔بلڈ شوگر ٹیسٹ، آنکھوں، دانتوں اور دل کے معائنے کے ساتھ جنرل میڈیکل مشاورت بھی مفت فراہم کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تین روزہ اسکریننگ کیمپ کو پولیس اہلکاروں اور فیلڈ ٹیموں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ایس ایس پی سکیورٹی ڈویژن نے کیمپ کا دورہ کیا اور اس اقدام کو صحتِ عامہ کے لیے اہم قرار دیا ۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ پاکستان سے ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے حکومت پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک کروڑ سے زائد افراد ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں، بروقت تشخیص ناگزیر ہے ۔مصطفی کمال نے مزید کہا کہ ہیپاٹائٹس کا بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں جگر کے سرطان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بارہ سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی ملک بھر میں مرحلہ وار ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کی جائے گی ،سکریننگ کے دوران مثبت آنے والے کیسز کا مفت علاج فراہم کیا جارہا ہے ۔مصطفی کمال نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کی جنگ حکومت اور عوام کو مل کر لڑنا ہوگی،ہیپاٹائٹس فری پاکستان ہمارا قومی مشن ہے،ہر شہری اپنی اور اپنے خاندان کی ہیپاٹائٹس اسکریننگ ضرور کروائے ۔مصطفی کمال نے کہا کہ بروقت تشخیص ہزاروں قیمتی جانیں بچا سکتی ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے،ہیپاٹائٹس کے خلاف قومی مہم میں ہر شہری کا کردار انتہائی اہم ہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صحت مند پاکستان کے لیے ہیپاٹائٹس سے پاک پاکستان ناگزیر ہے،ہیپاٹائٹس کے خلاف کامیابی عوام کے تعاون، بروقت اسکریننگ اور مفت علاج سے ہی ممکن ہے ۔








