سکیورٹی فورسز کا نوشکی میں فتنہ الہندوستان کےدہشت گردوں کے خلاف آپریشن ، خودکش بمبار سمیت 7 دہشتگرد جہنم واصل

"سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انڈین پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، جس میں خودکش بمبار سمیت سات انڈین سپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔”

راولپنڈی۔1اگست (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انڈین پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، جس میں خودکش بمبار سمیت 7 انڈین سپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

ہفتہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہاگیا ہے کہ 30/31 جولائی 2026 کی درمیانی شب آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جائے پناہ کی نشاندہی کی گئی اور فورسز کی بروقت سرجیکل کارروائی کے ذریعے اسے ختم کر دیا گیا، جس میں خودکش بمبار سمیت تمام سات انڈین سپانسرڈ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ گولہ بارود اور دستی ساختہ دھماکہ خیز آلات کا ذخیرہ بھی موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے انڈین سپانسرڈ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور پاکستان کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں وفاقی اپیکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے "عزم استحکام” کے ویژن کے تحت غیر ملکی سپانسرڈ اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پورے زور و شور سے اپنی مسلسل انسداد دہشت گردی مہم جاری رکھیں گی۔