گورنر خیبرپختونخوا کا شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں پانچ بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

"گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے پانچ بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔”

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے پانچ بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ہفتہ کو اپنے بیان میں گورنر نے آپریشن کےدوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر حافظ احسان الٰہی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر حافظ احسان الٰہی نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بے مثال جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ ان کی عظیم قربانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع، امن کے قیام اور بھارتی اسپانسرڈ خوارج سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہماری سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ پوری قوم اپنے شہداء پر فخر کرتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔گورنر نے شہید میجر حافظ احسان الٰہی کے درجات کی بلندی، اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور وطنِ عزیز کو ہر قسم کی دہشت گردی سے محفوظ رکھے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی اسپانسرڈ خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ متحد رہے گی۔