رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کی نمازِ جنازہ ادا،حکومتی شخصیات، اراکینِ اسمبلی، سیاسی و سماجی رہنمائوں، سرکاری افسران، سول سوسائٹی نمائندوں و عوام کی بڑی تعداد میں شرکت

"قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کے والد اور رکنِ قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کی نمازِ جنازہ بہاولپور سٹیڈیم میں ادا کر دی گئی۔”

لاہور۔1اگست (اے پی پی):قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کے والد اور رکنِ قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کی نمازِ جنازہ ہفتہ کو بہاولپور سٹیڈیم میں ادا کر دی گئی۔

نمازِ جنازہ میں اعلی حکومتی شخصیات، اراکینِ اسمبلی، سیاسی و سماجی رہنمائوں، سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ میں قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خاں، وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں، وزیر مملکت عبد الرحمن کانجو، سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، ملک تیمور خاں وامجد مان ، صوبائی وزراء میاں کاظم علی پیرزادہ، بلال اکبر خان، اراکینِ صوبائی اسمبلی رانا آفتاب اقبال، رانا شہباز ، ملک ارشد ،ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بہاولپور غازی صلاح الدین، دیگر اراکینِ اسمبلی، معروف سیاسی و سماجی شخصیات، سول سوسائٹی عہدیداران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی مرحوم کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔نمازِ جنازہ کے بعد قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خاں نے قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ سے ملاقات کر کے ان کے والد کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ کی سیاسی، پارلیمانی اور عوامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں نے بھی اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔