پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے وفد کی ڈی آئی جی سندھ سے ملاقات

"پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے وفد نے ڈی آئی جی سندھ سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون، کاروباری روابط اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔”

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):پاکستان رومانیہ بزنس کونسل (پی آر بی سی) کے چیئرمین سہیل شمیم فرپو اور ایڈوائزر و چیف آپریٹنگ آفیسر عاطف فاروقی نے سندھ کے سینٹرل پولیس آفس میں ڈی آئی جی مظہر نواز شیخ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول، ادارہ جاتی استحکام اور کاروباری برادری و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے نمائندوں نے اس بات پر زور دیا کہ سینئر قانون نافذ کرنے والے حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ اور مکالمہ دوطرفہ تجارت کے فروغ اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے لیے ناگزیر ہے۔وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے موجود پیچیدہ صورتحال میں سرکاری اداروں کے ساتھ تعمیری روابط شفافیت، پیش گوئی اور اعتماد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ڈی آئی جی مظہر نواز شیخ جو پولیس سروس آف پاکستان کے سینئر افسر ہیں، پولیسنگ، ریونیو ایڈمنسٹریشن، مجسٹریسی اور بینکاری سمیت مختلف شعبوں میں 25 سال سے زائد تجربہ رکھتے ہیں۔ ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، بین الصوبائی جرائم کے خاتمے اور ادارہ جاتی اصلاحات کے میدان میں ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ ان کی دیانت داری، بین الادارہ جاتی ہم آہنگی اور مؤثر قیادت کو پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور محفوظ کاروباری ماحول کے فروغ کی علامت قرار دیا گیا۔پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے ایڈوائزر و چیف آپریٹنگ آفیسر عاطف فاروقی نے کہا کہ کونسل دوطرفہ تجارت کے فروغ، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے مزید سازگار ماحول پیدا کرنے کی غرض سے اعلیٰ قانون نافذ کرنے والے اور انتظامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔پاکستان ۔رومانیہ بزنس کونسل نے متعلقہ ریاستی اداروں کے سینئر حکام کے ساتھ باقاعدہ روابط برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مستحکم،محفوظ اور مربوط ادارہ جاتی نظام ہی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور اسے برقرار رکھنے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔