بین الاقوامی ہاکی کی پاکستان واپسی خوش آئند، قومی کھیل کو نئی زندگی ملے گی، فیصل کریم کنڈی

"گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی خوش آئند ہے، جس سے نہ صرف قومی کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوگا۔”

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی خوش آئند ہے اور اس سے نہ صرف قومی کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ دنیا بھر میں ملک کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نے ہفتہ کو اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلے گئے بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کے موقع پر بطور مہمانِ خصوصی تقریب تقسیم انعامات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر محی الدین وانی سمیت پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس کی شاندار روایات کو دوبارہ زندہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی ٹیموں کی پاکستان آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں کھیلوں کے لیے سازگار ماحول موجود ہے اور پاکستان دوبارہ بین الاقوامی کھیلوں کی میزبانی کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ٹیلنٹ کو جدید سہولیات، بہتر تربیت اور زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی مقابلوں کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ پاکستان ایک بار پھر عالمی ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکے۔