ملک محمد بابر ایاز نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کی حیثیت سے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ پاکستان کے مالیاتی شعبے میں 27 برس سے زائد متنوع تجربے کے حامل تجربہ کار بینکار ملک محمد بابر ایاز کارپوریٹ بینکاری، کمرشل بینکاری، اسلامی بینکاری، ایس ایم ای فنانس، سٹریٹجک منصوبہ بندی، بزنس ٹرانسفارمیشن اور ادارہ جاتی قیادت کے شعبوں …
ملک محمد بابر ایاز نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ سنبھال لیا
اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):ملک محمد بابر ایاز نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کی حیثیت سے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ پاکستان کے مالیاتی شعبے میں 27 برس سے زائد متنوع تجربے کے حامل تجربہ کار بینکار ملک محمد بابر ایاز کارپوریٹ بینکاری، کمرشل بینکاری، اسلامی بینکاری، ایس ایم ای فنانس، سٹریٹجک منصوبہ بندی، بزنس ٹرانسفارمیشن اور ادارہ جاتی قیادت کے شعبوں میں وسیع مہارت رکھتے ہیں۔ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی سربراہی سے قبل وہ تقریباً 17 برس تک بینک آف پنجاب سے وابستہ رہے جہاں انہوں نے دیگر نجی بینکوں میں خدمات انجام دینے کے بعد مختلف اہم قائدانہ عہدوں پر فرائض سرانجام دیے۔
بینک آف پنجاب میں اپنے دور ملازمت کے دوران انہوں نے بینک کے کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکاری شعبے کی تنظیمِ نو میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ ایس ایم ای اور کمرشل بینکاری کے شعبوں کے قیام اور استحکام میں بھی نمایاں کردار ادا کرتے ہوئے بینک کی ترقی اور اس کی سٹریٹجک تبدیلی میں اہم حصہ ڈالا۔ ملک محمد بابر ایاز نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز سے ایگزیکٹو ایم بی اے کی ڈگری امتیازی حیثیت کے ساتھ حاصل کی اور انہیں ڈینز آنر رول میں بھی شامل کیا گیا۔ ان کا مضبوط تعلیمی پس منظر اور وسیع قائدانہ تجربہ ، پیشہ وارانہ مہارت، اعلیٰ معیار اور مسلسل ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
عہدہ سنبھالنے کی تقریب کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری اور چیئرمین بینک آف آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی ٹیم کو ایک وسیع تجربہ رکھنے والے پیشہ ور بینکار کی قیادت میسر آئی ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ بینک مالی شمولیت، ایس ایم ای شعبے کے فروغ اور بینک کو ترقی کی نئی منزلوں تک لے جانے میں مزید موثر کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر بینک کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ملک محمد بابر ایاز نے کہا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور تبدیلی کے اہم مرحلے پر ادارے کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔









