وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں ترقیاتی فنڈز کی منصفانہ اور مساوی تقسیم کو یقینی بنایا جائے، ترقیاتی منصوبہ بندی سیاسی ترجیحات کے بجائے ضرورت، آبادی، معاشی شراکت اور محرومی کی سطح کی بنیاد پر ہونی چاہئے۔
بلوچستان کے تمام اضلاع میں ترقیاتی فنڈز کی منصفانہ اور مساوی تقسیم کو یقینی بنایا جائے، وفاقی وزیر جام کمال خان
اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں ترقیاتی فنڈز کی منصفانہ اور مساوی تقسیم کو یقینی بنایا جائے، ترقیاتی منصوبہ بندی سیاسی ترجیحات کے بجائے ضرورت، آبادی، معاشی شراکت اور محرومی کی سطح کی بنیاد پر ہونی چاہئے۔ منگل کو یہاں جاری ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے تمام اضلاع میں برابر تقسیم کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں منتخب عوامی نمائندوں کی جانب سے تجویز کردہ سکیموں کو بھی نظرانداز کیا گیا ہے جن کو فوری طور پر شامل کیا جائے ۔
وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ متوازن ترقی کے لئے شفاف اور مناسب منصوبہ بندی ناگزیر ہے تاکہ بلوچستان کے ہر ضلع کو معاشی اور سماجی ترقی کے مساوی مواقع میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ وسائل کی تقسیم میں عدم مساوات صوبے کے لئے نقصان دہ ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پورے صوبے اور اتحادی حکومت کی نمائندگی کرتے ہیں لہٰذا انہیں یقینی بنانا چاہئے کہ تمام علاقوں کے ساتھ متوازن اور غیر جانبدارانہ سلوک روا رکھا جائے۔









