پاکستان کی مسلح افواج امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کی معاونت کے لئے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

چیف آف آرمی سٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے اس عزم کا اعادہ کیا ہےکہ پاکستان کی مسلح افواج امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کی معاونت کے لئے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں

راولپنڈی۔4اگست (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے اس عزم کا اعادہ کیا ہےکہ پاکستان کی مسلح افواج امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کی معاونت کے لئے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں جاری مون سون سیزن کے دوران پاکستان کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور مربوط ردِعمل کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو این ای او سی کی آپریشنل صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ردِعمل کے نظام سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں”ڈیزاسٹر لینز 2026″ کے ذریعے ملک میں مون سون کی موجودہ صورتحال اور مختلف قدرتی خطرات کی نگرانی کے جدید نظام کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان میں قومی سطح پر قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لئے این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ہر وقت تیاری، اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور بروقت ردِعمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں اور اہم قومی انفراسٹرکچر کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کی معاونت کے لئے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔