وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کے پونچھ ڈویژن کے کوآرڈینیٹرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انتخابی مہم کی مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ مرحلے کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت انتخابی مہم کے پونچھ ڈویژن کے کوآرڈینیٹرز کا اجلاس، 10 اگست کو ہونے والے انتخابات کی حکمت عملی پر غور
اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کے پونچھ ڈویژن کے کوآرڈینیٹرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انتخابی مہم کی مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ مرحلے کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی۔
یہاں جاری بیان کے مطابق اجلاس میں پونچھ ڈویژن کے ریجنل کوآرڈینیٹر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، رکن قومی اسمبلی بابر نواز، نورالحسن تنویر، امیدوار ایل اے-14 فیصل آزاد، سہیل خان، نمائندہ امیدوار ایل اے-15 مشتاق منہاس، ایل اے 16 کے امیدوار میر اکبر کے نمائندے سردار طارق محمود، ایل اے 17 حویلی محسن عزیز بھائی بلال، ایل اے 18 عباس پور راجہ شیر افگن، ایل اے 19 ہجیرہ، ایل اے 20 راولاکوٹ حاجی رشید، ایل اے 21 سٹی، ایل اے 22 پاچھیوٹ کے امیدوار عبدالخالق سرمد، 22 رکنی نمائندہ یعقوب سرور، 22 رکنی نمائندہ یحییٰ پور، امیدوار نجیب نقی، ایل اے 24 بلوچ نمائندہ، نو منتخب رکن آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ اور نو منتخب رکن اسمبلی چوہدری عبدالرزاق بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران انتخابی مہم کی اب تک کی پیش رفت، عوامی رابطہ سرگرمیوں، مختلف انتخابی پروگراموں اور آئندہ مرحلے کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر انتخابی مہم کو مزید موثر، مربوط اور منظم بنانے کے لیے مختلف پروگراموں، عوامی اجتماعات اور تنظیمی سرگرمیوں کو حتمی شکل دی گئی۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے میرپور ڈویژن اور مظفرآباد ڈویژن میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار انتخابی کامیابی پر انتخابی مہم کے تمام کوآرڈینیٹرز، تنظیمی عہدیداران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی انتھک محنت، نظم و ضبط اور بھرپور عوامی رابطہ مہم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن اور مظفرآباد ڈویژن میں پارٹی کی کامیابی کارکنوں کے جذبے، مضبوط تنظیمی ڈھانچے، موثر حکمت عملی اور کوآرڈینیٹرز کی مسلسل اور منظم کاوشوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ میرپور ڈویژن اور مظفرآباد ڈویژن کی طرح پونچھ ڈویژن میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم بھرپور انداز میں کامیابی سے آگے بڑھے گی اور عوام کے تعاون سے پارٹی نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔
اجلاس میں انتخابی مہم کو مزید فعال، موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹرز کو ہدایت کی گئی کہ باہمی رابطے، تنظیمی ہم آہنگی اور عوامی رابطہ مہم کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ پارٹی کا پیغام زیادہ سے زیادہ عوام تک موثر انداز میں پہنچایا جا سکے اور انتخابی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کو بھرپور انداز میں جاری رکھتے ہوئے کارکنوں، تنظیمی عہدیداران اور عوام کے ساتھ مسلسل رابطے کے ذریعے پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔








