سینئر صوبائی نائب صدر پیپلز پارٹی بلوچستان میر علی حسن زہری نے وطنِ عزیز کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی جنہوں نے امن، قانون کی بالادستی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں
وطنِ عزیز کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے شہدا کو خراجِ عقید پیش کرتےہیں، میرعلی حسن زہری
کوئٹہ۔ 04 اگست (اے پی پی):سینئر صوبائی نائب صدر پیپلز پارٹی بلوچستان میر علی حسن زہری نے وطنِ عزیز کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی جنہوں نے امن، قانون کی بالادستی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔ یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں میر علی حسن زہری نے کہا کہ پولیس فورس دہشت گردی، جرائم اور امن دشمن عناصر کے خلاف پہلی دفاعی صف میں کھڑی رہتی ہے، ہمارے پولیس افسران اور اہلکار شدید خطرات، دشوار حالات اور مسلسل چیلنجز کے باوجود جس جرات، فرض شناسی اور استقامت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کی لازوال قربانیاں اس بات کا روشن ثبوت ہے کہ وطن کی سلامتی اور عوام کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی مقصد نہیں، ان عظیم سپوتوں نے اپنے خون سے امن، قانون اور انصاف کی شمع روشن رکھی جس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ پولیس کے زخمی غازی بھی ہمارے قومی ہیروز ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کا بہادری سے مقابلہ کیا، ان کی جرات، قربانی اور عزم آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ شہدائے پولیس ہمیں یہ عہد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے اور ایک پرامن، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کریں گے۔
میر علی حسن زہری نے شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی، مختلف واقعات میں زخمی اہلکاروں کی جلد و مکمل صحت یابی اور پولیس فورس کی مزید کامیابی، استقامت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پولیس قوم کا فخر ہے، اس کے بہادر شہدا ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔









