خیبرپختونخوا حکومت پولیس کی بہتر و مؤثر کارکردگی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، عارف احمد زئی

خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات عارف احمد زئی نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام معاشرے کی بقاء، انسانی تحفظ اور معاشی و سماجی ترقی کے لیے لازم ہے

پشاور۔ 04 اگست (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات عارف احمد زئی نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام معاشرے کی بقاء، انسانی تحفظ اور معاشی و سماجی ترقی کے لیے لازم ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر بے مثال قربانیاں دی ہیں اور قوم اپنے شہداء کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاه سے دیکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارسدہ میں یومِ شہداءِ پولیس کے سلسلے میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں معاونِ خصوصی برائے جیل خانہ جات افتخار اللہ جان، ایم این اے ملک انور تاج، ایم پی اے ارشد عمرزئی، سیاسی قائدین، وکلاء، اعلیٰ حکام، پولیس افسران، علاقہ عمائدین اور شہداء کے لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عارف احمد زئی نے کہا کہ امن ہر نعمت پر مقدم ہے اور ہمارے جوانوں نے عوام کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے لیے مضبوط و مربوط حکمتِ عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے رات گئے تک ڈیوٹی سرانجام دینے، عوامی شکایات پر فوری ردِعمل اور محدود وسائل کے باوجود پولیس فورس کے جذبے اور تندہی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ عارف احمد زئی کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بجٹ اور منصوبہ بندی کے ذریعے خیبر پختونخوا پولیس کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور تمام درپیش مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔