وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منگل کو منعقد ہوا۔اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے مالی سال 2026-27 کے لیے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی سی) کے حق میں ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (ٹی ایس جی) کے اجراء سے متعلق سمری پر غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس، اہم عوامی شعبے کے مالیاتی اقدامات کی منظوری
اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منگل کو منعقد ہوا۔اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے مالی سال 2026-27 کے لیے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی سی) کے حق میں ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (ٹی ایس جی) کے اجراء سے متعلق سمری پر غور کیا گیا۔
ای سی سی نے پی ٹی وی سی کے آپریشنل اور ناگزیر انتظامی اخراجات کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے ہر سہ ماہی میں 3.25 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔کمیٹی نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ہدایت کی کہ دو ماہ کے اندر پی ٹی وی سی کے لیے ایک جامع مالیاتی پائیداری منصوبے کے ساتھ یہ معاملہ دوبارہ ای سی سی کے سامنے پیش کیا جائے۔
ای سی سی نے وزارت مواصلات کی جانب سے پیش کی گئی ایک اور سمری پر بھی غور کیا اور سیالکوٹ (سمبڑیال) -کھاریاں موٹروے (ایم-12) منصوبے کے لیے 27.62 ارب روپے مالیت کی خودمختار حکومتی ضمانتیں جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ منصوبہ بلڈ، آپریٹ اینڈ ٹرانسفر (بی او ٹی) ماڈل کے تحت تعمیر کیا جائے گا۔کمیٹی نے اس منصوبے کے لیے پہلے سے جاری 6.944 ارب روپے کی آپریشنل وائیبلٹی گیپ فنڈنگ (Operational VGF) کو بھی رول اوور کرنے کی منظوری دی۔
ان ضمانتوں سے رعایتی معاہدہ رکھنے والی کمپنی (Concessionaire) کو منظور شدہ نئے مالیاتی ڈھانچے کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) منصوبے کی مالیاتی تکمیل (Financial Close) میں سہولت ملے گی۔اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر توانائی (بجلی) سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔









