وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا چہلمِ حضرت امام حسینؓ کے انتظامات کا جائزہ، تمام اداروں کو مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت

خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے منگل کو چہلمِ حضرت امام حسینؓ کے موقع پر نکالے جانے والے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی، ٹریفک، صفائی، طبی سہولتوں اور دیگر انتظامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا

پشاور۔ 04 اگست (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے منگل کو چہلمِ حضرت امام حسینؓ کے موقع پر نکالے جانے والے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی، ٹریفک، صفائی، طبی سہولتوں اور دیگر انتظامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور امن و امان کے قیام کیلئے تمام ادارے باہمی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔دورے کے دوران صوبائی وزیر کو ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے جلوس کے روٹ پر کئے گئے انتظامات، سیکیورٹی پلان، ٹریفک کی روانی، صفائی ستھرائی، ہنگامی طبی امداد اور دیگر سہولتوں بارے بریفنگ دی۔

صوبائ وزیرشفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت چہلمِ حضرت امام حسینؓ کے موقع پر پرامن، محفوظ اور منظم ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری وسائل اور افرادی قوت دستیاب ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جلوس کے شرکاء کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور تمام متعلقہ ادارے اپنے فرائض پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیتے ہوئے باہمی رابطے کو مؤثر بنائیں تاکہ چہلم کے موقع پر مذہبی رسومات پرامن ماحول میں ادا کی جا سکیں۔

صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جلوس کے راستوں پر صفائی، ٹریفک کی روانی، طبی امداد، ہنگامی رسپانس اور دیگر شہری سہولتوں کی مسلسل نگرانی کی جائے جبکہ سیکیورٹی انتظامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ عزاداروں کو محفوظ اور پرامن ماحول میسر آ سکے۔