صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ انسانی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،فلڈ انتظامات اور حفاظتی اقدامات بارے تمام ادارے مکمل الرٹ رہیں
انسانی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔خواجہ سلمان رفیق
ملتان۔ 04 اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ انسانی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،فلڈ انتظامات اور حفاظتی اقدامات بارے تمام ادارے مکمل الرٹ رہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے منگل کوجلال پور پیر والا کے سیلابی علاقوں اور حفاظتی بندوں کا دورہ کیا اور فلڈ انتظامات، حفاظتی اقدامات، ایویکویشن پلان اور ریلیف تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ انسانی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلال پور پیر والا اور نوراجہ بھٹہ کے دونوں حفاظتی بند تقریباً دوارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے ہیں، جو سیلابی خطرات سے علاقے کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو اربوں روپے مالیت کی جدید مشینری، ریسکیو آلات اور ضروری وسائل فراہم کر دئیے ہیں،ملتان سمیت تمام اضلاع میں فلڈ سیزن کے حوالے سے مطلوبہ انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ حفاظتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، تمام ضروری وسائل کی دستیابی اور عوام کے تحفظ کے لیے مربوط اقدامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے گزشتہ سال کے تجربات کی روشنی میں فلڈ مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانے پر کمشنر ملتان، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔اس دوران کمشنر ملتان عامر کریم خان نے صوبائی وزیر کو ملتان ڈویژن کے فلڈ انتظامات پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال کے سیلاب کے بعد مستقل نوعیت کے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نےمزید بتایا کہ جلال پور پیر والا کا 7.2 کلومیٹر طویل حفاظتی فلڈ بند مکمل کر لیا گیا ہے، جو دریائے چناب کے بیک فلو سے علاقے کو محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔کمشنر نے بتایا کہ فلڈ کنٹیجنسی پلان، ایویکویشن پلان اور ریسکیو پلان مکمل طور پر نافذ کر دیا گیا ہے،پہلی مرتبہ انخلاء کے پوائنٹس اور ریلیف کیمپ الگ الگ قائم کیے گئے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں کی ڈیجیٹل میپنگ، فوکل پرسنز اور دستیاب وسائل کا مکمل ڈیٹا بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو اداروں کی مشقیں مکمل ہو چکی ہیں، کنٹرول روم اور تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں، جبکہ موجودہ دریائی صورتحال معمول کے مطابق ہے، تاہم کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری موجود ہ ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ ،اراکین پنجاب اسمبلی لال محمد جوئیہ اورنازک کریم لانگ،ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم، ایڈیشنل کمشنر ریونیو اخلاق احمد، ڈسٹر کٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر حسین میاں، چیف انجینیئر انہار محمد عظیم اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔









