کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے منگل کوسنٹرل پولیس آفس پشاور کا دورہ کیا۔سنٹرل پولیس آ فس پشاور تر جمان کے مطابق دورے میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے کور کمانڈر کو سلامی پیش کی
کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کا سنٹرل پولیس آفس پشاور کا اہم دورہ
پشاور۔ 04 اگست (اے پی پی):کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے منگل کوسنٹرل پولیس آفس پشاور کا دورہ کیا۔سنٹرل پولیس آ فس پشاور تر جمان کے مطابق دورے میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے کور کمانڈر کو سلامی پیش کی۔کور کمانڈر نے پولیس شہداءکی یادگار پر پھول چڑھائے اور اُن کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔بعد ازاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کور کمانڈر کو صوبے کی امن و امان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری نتیجہ خیز موثر کارروائیوں، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، حساس تنصیبات اور عوامی مقامات کی فول پروف سکیورٹی، پولیس کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم، ڈرونز اور اینٹی ڈرونز ٹیکنالوجی کے استعمال اور پولیس فورس کو درپیش چیلنجز سے بروقت نمٹنے کے لیے آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی، انتہاپسندی اور ہر قسم کے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور کسی بھی ممکنہ دہشت گرد حملے کو وقوع پذیر ہونے سے قبل ناکام بنانے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لا رہی ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشت گردوں کا ہر محاذ پر تعاقب بھی کیا جا رہا ہے تاکہ ریاست کی رٹ کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے ۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے بریفنگ میں بتایا کہ صوبے میں پانچ اضلاع کو جدید، اسمارٹ اور عوام دوست پولیسنگ کا مثالی نمونہ بنایا جا رہا ہے، جہاں اسمارٹ سرویلنس، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، جدید تفتیشی نظام، شفاف سروس ڈیلیوری اور انٹیلی جنس پر مبنی پولیسنگ کو مزید موثر بنایا جائے گا، جبکہ اس کامیاب ماڈل کو مرحلہ وار پورے صوبے تک توسیع دی جائے گی۔آئی جی پی نے پولیس فورس کی فلاح و بہبود سے متعلق جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ پولیس افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے، جدید تربیت، حفاظتی ساز و سامان، رہائشی و طبی سہولیات، شہداءکے خاندانوں کی کفالت،ویلفیئر منصوبوں اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے جامع اقدامات پر روشنی ڈالی۔کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری،بے مثال قربانیوں، پیشہ ورانہ صلاحیت، دہشت گردی کے خلاف غیرمتزلزل عزم، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پولیس ویلفیئر کے لیے جاری موثر اقدامات کو سراہتے ہوئے پولیس فورس کی کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔دورے کے اختتام پر کور کمانڈر پولیس جوانوں سے ملے اوراُن سے موجودہ حالات کے تناظر میںمل جل کر دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور خیبر پختونخواہ پولیس باہمی تعاون ، مربوط حکمت عملی اور جدید وسائل کے ذریعے دہشتگردی، انتہا پسندی اور امن دشمن عنا صر کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ اس موقع پر دونوں اعلی حکام کے مابین اعزازی شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔








