چیئرمین ایف بی آر کی کراچی میں ایف پی سی سی آئی اور پاکستان بزنس کونسل کے وفود سے ملاقات

وزیراعظم کی خصوصی ہدایات کی تعمیل میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے منگل کوکراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے اعلیٰ سطحی وفود سے ملاقات کی، جس میں کاروباری برادری کو درپیش اہم مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وزیراعظم کی خصوصی ہدایات کی تعمیل میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے منگل کوکراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے اعلیٰ سطحی وفود سے ملاقات کی، جس میں کاروباری برادری کو درپیش اہم مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کاروباری سہولیات کو مزید بہتر کرنے، تاجروں کی ہراسانی سے متعلق شکایات کے ازالے اور ٹیکس دہندگان کے معاملات میں دیانت داری اور شفافیت کو یقینی بنا کر کاروبار کے لیے سازگار معاشی ماحول فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ کاروباری رہنماؤں نے اپنے درپیش اہم مسائل سے چیئرمین ایف بی آر کو آگاہ کیا۔

چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس سے متعلق طریقہ کار کو مزید آسان بنانے، زیر التواء ریفنڈز کی جلد ادائیگی کو یقینی بنانے اور کمپلائنس کے طریقہ کار کو سادہ بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا تاکہ تجارت اور صنعت کو فروغ حاصل ہو۔ ٹیکس حکام کو ٹیکس دہندگان کے ساتھ منصفانہ اور باوقار رویہ اختیار کرنے کی سخت ہدایات جاری کی گئیں جبکہ اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ جائز کاروباری اداروں کو ہراساں کرنے کی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران شرکاء کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل سنے گئے اور متعدد معاملات پر موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کر دی گئیں۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اعلیٰ سطح پر باقاعدہ رابطوں میں اضافہ کر کے شفافیت کو مزید فروغ دیا جائے گا، جبکہ کراچی میں ممبران آپریشنز اور ان کے سینئر افسران کی جانب سے مسلسل نگرانی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

ایف بی آر اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کاروباری طبقے کی حقیقی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے باہمی تعاون پر مبنی ایک مستقل نظام قائم کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایف بی آر کی اعلیٰ قیادت اور کاروباری برادری کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تاکہ طریقۂ کار کو مزید موثر بنایا جا سکے، زیر التواء معاملات کو تیزی سے نمٹایا جا سکے اور تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایف پی سی سی آئی اور پاکستان بزنس کونسل کے وفود نے وزیراعظم کے اس بروقت اور مثبت اقدام کو سراہا۔ وفود نے چیئرمین ایف بی آر کے تعمیری اور حل پر مبنی مذاکرات کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ اقدامات کاروباری اعتماد میں اضافہ اور قومی اقتصادی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔