پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری
پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے 5 اگست 2019 کو بھارت کی طرف سے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن تاریخ کا سیاہ باب ہے جب بھارت نے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے ذریعے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی کی، پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
بدھ کو یوم استحصال کشمیر کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں میں کشمیری عوام نے بے شمار قربانیاں دی ہیں مگر ان کے جذ بہ حریت کو دبایا نہیں جا سکا، آزادی، انصاف اور ان کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد آج بھی پوری قوت سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدائے کشمیر کے درجات بلند فرمائے اور کشمیری عوام کو آزادی اور امن کی نعمت سے سرفراز کرے۔








