کراچی میں پاکستان کی پہلی ٹیکنیکل مائننگ کانفرنس کل ہوگی

"پاکستان کے معدنی وسائل کے شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ملک کی پہلی ٹیکنیکل مائننگ کانفرنس 6 اگست کو کراچی میں منعقد ہو گی، جس میں متحدہ عرب امارات، جاپان، جرمنی اور چین کی معروف مائننگ کمپنیاں شرکت کریں گی۔”

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):پاکستان کے معدنی وسائل کے شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ملک کی پہلی ٹیکنیکل مائننگ کانفرنس کل( 6اگست کو )کراچی میں ہوگی، جس میں متحدہ عرب امارات، جاپان، جرمنی اور چین کی معروف مائننگ کمپنیاں شرکت کریں گی۔

کانفرنس کے دوران اربوں ڈالر مالیت کی بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط متوقع ہیں۔سندھ اینگرو مائننگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر اقبال کے مطابق کانفرنس کا بنیادی مقصد پاکستان کے وسیع معدنی وسائل کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے اجاگر کرنا، جدید مائننگ ٹیکنالوجی متعارف کرانا اور کان کنی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کے پاور پلانٹس کو تھر کا کوئلہ مستقبل میں نئی ریلوے لائن کے ذریعے فراہم کیا جائے گا، جبکہ تھر سے کوئلے کی ترسیل کے لیے ریلوے ٹریک پر کام تیزی سے جاری ہے اور اس کا آغاز آئندہ سال کے اوائل میں متوقع ہے۔عامر اقبال نے کہا کہ تھر بلاک ٹو کے تیسرے مرحلے کا آغاز آئندہ ماہ کیا جائے گا، جبکہ لکی پاور پلانٹ کو بھی آئندہ ماہ سے تھر کا کوئلہ فراہم کرنا شروع کر دیا جائے گا، جس سے مقامی ایندھن کے استعمال میں اضافہ اور درآمدی کوئلے پر انحصار میں مزید کمی آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ سندھ اینگرو مائننگ کمپنی میں اب تک ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے، جو پاکستان کے توانائی اور معدنیات کے شعبے پر عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ماہرین کے مطابق ٹیکنیکل مائننگ کانفرنس پاکستان کے معدنی وسائل، جدید کان کنی، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبے میں نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی، جس سے ملکی معیشت، برآمدات اور صنعتی ترقی کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے۔