یوم استحصالِ کشمیر کے موقع پر ریسکیو 1122 سیالکوٹ کا کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی، ترجمان

سیالکوٹ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کے زیرِ اہتمام نکالی گئی ریلی اور یکجہتی جلوس میں فعال شرکت کی۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کے ریسکیورز اور ریسکیو سکائوٹس نے نہ صرف ریلی میں شرکت کی بلکہ شرکاکی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مکمل ایمرجنسی کور بھی فراہم کی۔

سیالکوٹ۔ 05 اگست (اے پی پی):سیالکوٹ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کے زیرِ اہتمام نکالی گئی ریلی اور یکجہتی جلوس میں فعال شرکت کی۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کے ریسکیورز اور ریسکیو سکائوٹس نے نہ صرف ریلی میں شرکت کی بلکہ شرکاکی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مکمل ایمرجنسی کور بھی فراہم کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی خصوصی ہدایت پر ریسکیو اہلکار صبح سے ہی ہائی الرٹ رہے۔

ریلی کے آغاز سے اختتام تک ریسکیو ٹیمیں ایمبولینسوں، ایمرجنسی آلات اور تربیت یافتہ عملے کے ہمراہ مختلف مقامات پر تعینات رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ ریلی میں شریک ریسکیورز، ریسکیو سکائوٹس، سرکاری افسران، مختلف محکموں کے نمائندوں، طلبہ اور شہریوں نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کی۔ شرکانے آزادیٔ کشمیر کے حق میں نعرے بلند کیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی منصفانہ جدوجہد کی ہمیشہ اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں 5 اگست 2019 کے ان اقدامات کی یاد دلاتا ہے جن کے باعث جموں و کشمیر کے عوام کو شدید مشکلات اور بنیادی حقوق کی پامالی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بے مثال صبر، حوصلے اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے، جسے پوری پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 سیالکوٹ ہر قومی موقع پر عوام کی خدمت، جان و مال کے تحفظ اور انسانی ہمدردی کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد آزادی، امن، خوشحالی اور انصاف کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔ یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ریلی پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جبکہ ریسکیو 1122 سیالکوٹ کی ٹیمیں اختتام تک الرٹ رہیں اور شرکاء کو ہر ممکن ایمرجنسی سہولت فراہم کرتی رہیں۔