وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ طاقت کے ذریعے کسی قوم کی شناخت، تاریخ اور حقِ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا، جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور ترقی کا راستہ مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل سے ہو کر گزرتا ہے، پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کی جائز آواز بن کر ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری …
طاقت کے ذریعے کسی قوم کی شناخت، تاریخ اور حقِ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا، محمد حنیف عباسی
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ طاقت کے ذریعے کسی قوم کی شناخت، تاریخ اور حقِ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا، جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور ترقی کا راستہ مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل سے ہو کر گزرتا ہے، پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کی جائز آواز بن کر ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ بھارتی اقدامات نے خطے میں اعتماد، امن اور استحکام کو شدید نقصان پہنچایا، جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے طے شدہ ہےجسے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ثابت قدم ہیں، ان کی قربانیاں، استقامت اور آزادی کی جدوجہد تاریخ کا روشن باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیوں، سیاسی پابندیوں اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک ہے، دنیا کو چاہیے کہ وہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ اور بین الاقوامی قوانین پر عملدرآمد کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کی جائز آواز بن کر ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا، یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کا ہر شہری کشمیری عوام کے جائز حقوق، عزت اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔









