بھارت نے جموں و کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے،غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل اور جائیداد کے حقوق دے کر مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش …

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے،غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل اور جائیداد کے حقوق دے کر مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کر کے مظالم ڈھا رہا ہے، 5 اگست 2019 کا بھارتی اقدام پاکستان کے لیے کسی صورت قابلِ قبول نہیں،بھارت آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کے بعد ڈیموگرافک تبدیلیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل اور جائیداد کے حقوق دے کر مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وادی میں نوجوانوں کی گرفتاریوں اور تشدد کے باوجود کشمیریوں کا عزم مضبوط ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کشمیری شہدا اور ان کے خاندانوں کی شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہے، پوری قوم متحد ہے، تنازع کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حقِ خودارادیت میں ہے، پاکستان کا ہر شہری اور ادارہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کشمیر کا مقدمہ لڑنے پر وزارتِ خارجہ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں،

وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں عالمی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ اٹھاتے رہیں گے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے دفاعِ وطن کی مثال قائم کی، کشمیر محض کوئی خطہ نہیں بلکہ ایک زندہ جدوجہد، امانت اور عہد کا نام ہے۔