ڈیجیٹل انفراسٹرکچر قومی سلامتی، اقتصادی ترقی اور عالمی مسابقت کا ایک اہم ستون بن چکا ہے، بلال بن ثاقب

برطانوی ادارے میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی (پیوارا) کے چیئرمین بلال بن ثاقب کے وژن کو سراہتے ہوئے ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور جدید طرزِ حکمرانی سے متعلق ان کے خیالات کو مستقبل کی ریاستی قیادت کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):برطانوی ادارے میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی (پیوارا) کے چیئرمین بلال بن ثاقب کے وژن کو سراہتے ہوئے ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور جدید طرزِ حکمرانی سے متعلق ان کے خیالات کو مستقبل کی ریاستی قیادت کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔

مضمون میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں اپنی مؤثر جگہ بنانے کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے جبکہ بلال بن ثاقب نے کہا کہ مستقبل میں وہی ریاستیں کامیاب ہوں گی جو اسٹارٹ اپس کی طرح تیز رفتار فیصلے، جدت پر مبنی حکمرانی اور نوجوان ٹیکنالوجی ماہرین کی شمولیت کو ترجیح دیں گی۔آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی، ورچوئل اثاثوں اور ڈیجیٹل مالیاتی نظام کے میدان میں تیزی سے اپنی جگہ بنا رہا ہے۔

بلال بن ثاقب نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور ریاستوں کی کامیابی اب صرف روایتی بیوروکریسی پر نہیں بلکہ رفتار، جدت اور ٹیکنالوجی پر منحصر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کی حکومتوں کو اسٹارٹ اپس کی طرز پر تیزی سے فیصلے کرنے، انہیں مؤثر انداز میں نافذ کرنے اور نتائج پر مبنی حکمرانی کو فروغ دینا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور بلاک چین نئی عالمی معیشت کا رخ متعین کر رہے ہیں جبکہ ڈیجیٹل اثاثے مستقبل کے مالیاتی انفراسٹرکچر کی بنیاد بن چکے ہیں۔ اگر ممالک نے ٹیکنالوجی کو بروقت اختیار نہ کیا تو وہ عالمی مسابقت میں پیچھے رہ جائیں گے۔چیئرمین پیوارا نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان ٹیکنالوجی ماہرین کو قومی پالیسی سازی میں مرکزی کردار دینا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ مستقبل کی معیشت اختراع، تحقیق اور ڈیجیٹل مہارتوں پر استوار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتوں کا کردار صرف ریگولیشن تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں جدت، سرمایہ کاری اور نئی ٹیکنالوجیز کے فروغ کے لیے سازگار ماحول بھی فراہم کرنا ہوگا۔بلال بن ثاقب نے کہا کہ آج کے دور میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر قومی سلامتی، اقتصادی ترقی اور عالمی مسابقت کا ایک اہم ستون بن چکا ہے۔ پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں مؤثر اور قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے جدید اصلاحات، تیز رفتار فیصلہ سازی اور ٹیکنالوجی پر مبنی حکمرانی کو اپنانا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل انہی ممالک کا ہوگا جو بروقت اصلاحات نافذ کریں گے، نئی ٹیکنالوجیز کو اپنائیں گے اور نتائج پر مبنی طرز حکمرانی اختیار کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیوارا پاکستان میں ڈیجیٹل جدت، ورچوئل اثاثوں کے مؤثر ضابطہ جاتی نظام اور عالمی معیار کے مالیاتی انفراسٹرکچر کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی تاکہ پاکستان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر ابھر سکے۔

C

مزید خبریں