یوم آزادی کی آمد کے ساتھ ہی راولپنڈی میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر، تجارتی مراکز اور شاہراہیں قومی پرچموں سے سج گئیں

یوم آزادی کی آمد کے ساتھ ہی راولپنڈی میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر، تجارتی مراکز اور شاہراہیں قومی پرچموں سے سج گئیں

راولپنڈی۔5اگست (اے پی پی):یوم آزادی کی آمد کے ساتھ ہی راولپنڈی میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ شہر کے مرکزی بازار، تجارتی مراکز اور شاہراہیں قومی پرچموں، سبز و سفید جھنڈیوں اور رنگ برنگی آرائش سے سج گئی ہیں جبکہ خصوصی سٹالوں پر قومی پرچم، بیجز، سٹیکرز، کیپس اور دیگر تزئینی اشیا کی خریداری کے لیے شہریوں، خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہر میں ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور ملی نغموں کی گونج نے جشن آزادی کا سماں باندھ دیا ہے۔

راجہ بازار، صدر، کمیٹی چوک، مری روڈ، ٹینچ بھاٹہ، پیرودھائی، کمرشل مارکیٹ اور دیگر تجارتی علاقوں میں دکانوں اور خصوصی سٹالوں کو قومی پرچموں، رنگا رنگ جھنڈیوں، برقی قمقموں اور سبز و سفید آرائش سے مزین کر دیا گیا ہے۔ شام ڈھلتے ہی یہ بازار روشنیوں سے جگمگا اٹھتے ہیں اور خریداروں کا رش رات گئے تک برقرار رہتا ہے۔ خصوصی سٹالوں پر قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز، سٹیکرز، کیپس، ہیڈ بینڈز، کلائی بینڈز، سبز و سفید مفلرز، گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کی سجاوٹ کا سامان اور دیگر تزئینی اشیا فروخت کی جا رہی ہیں۔ ننھے بچے اپنے والدین کے ہمراہ جوش و خروش سے خریداری کر رہے ہیں جبکہ نوجوان بھی گھروں، گاڑیوں اور کاروباری مراکز کو قومی رنگوں سے سجانے کے لیے مختلف اشیا خریدنے میں مصروف ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ یوم آزادی قریب آنے کے ساتھ ہی خریداروں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، اس سال بھی شہریوں میں قومی پرچم اور آرائشی سامان کی خریداری کا جوش گزشتہ برسوں کی طرح نمایاں ہے۔

راجہ بازار میں خریداری کے لیے آئے شہری محمد اسد نے کہا کہ یوم آزادی پوری قوم کے لیے خوشی، شکر گزاری اور تجدید عہد کا دن ہے، وہ ہر سال اپنے بچوں کے ساتھ قومی پرچم اور جشن آزادی سے متعلق دیگر سامان خریدتے ہیں تاکہ نئی نسل میں حب الوطنی، قومی شعور اور پاکستان سے محبت کے جذبات مزید پروان چڑھیں۔ ٹینچ بھاٹہ میں موجود طالبہ عائشہ فاطمہ نے کہا کہ 14 اگست صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ ان عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع بھی ہے جن کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا، نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ یوم آزادی کے موقع پر قومی یکجہتی، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثبت انداز میں اپنی خوشیوں کا اظہار کریں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ جشن آزادی کی تیاریاں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور پاکستان سے محبت کے جذبات کی بھرپور عکاسی کر رہی ہیں، 14 اگست صرف قومی خوشی کا دن نہیں بلکہ اس عزم کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہر شہری اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔

 

مزید خبریں