عوام کو بروقت اور معیاری انصاف کی فراہمی حکومت پنجاب اور پراسیکیوشن کی اولین ترجیح ہے، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر آفس سرگودھا کے دورہ کے موقع پر گفتگو

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ نے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر آفس سرگودھا کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، افسران و پراسیکیوٹرز سے ملاقات کی اور دفتری نظم و ضبط، حاضری، مقدمات کی پیروی اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا

سرگودھا ۔ 05 اگست (اے پی پی):پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ نے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر آفس سرگودھا کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، افسران و پراسیکیوٹرز سے ملاقات کی اور دفتری نظم و ضبط، حاضری، مقدمات کی پیروی اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے افسران سے فرداً فرداً ملاقات کرتے ہوئے زیرِ التوا مقدمات، عدالتی پیش رفت، عوامی خدمت اور محکمانہ امور کے بارے میں بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر پراسیکیوٹر اپنی ذمہ داریاں مکمل دیانتداری، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دے تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ پراسیکیوشن میں کارکردگی ہی ترقی اور عزت کا معیار ہوگی۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے پراسیکیوٹرز کی حوصلہ افزائی اور انہیں ہر ممکن انداز میں سراہا جائے گا تاکہ محکمہ میں صحت مند مسابقت اور پیشہ ورانہ ماحول کو فروغ ملے۔انہوں نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت، غیر حاضری، ناقص کارکردگی یا عوامی مفاد کے خلاف کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ مسلسل ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور پراسیکیوٹرز کے خلاف محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس معاملے میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا کہ پراسیکیوشن کو فعال، جوابدہ، جدید اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے احتساب اور کارکردگی کے مؤثر نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ ہر افسر کی کارکردگی مسلسل مانیٹر کی جائے گی جبکہ میرٹ، شفافیت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو ہر سطح پر ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو بروقت اور معیاری انصاف کی فراہمی حکومت پنجاب اور پراسیکیوشن کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام پراسیکیوٹرز کو پوری لگن، دیانتداری، وقت کی پابندی، ٹیم ورک اور اعلیٰ پیشہ ورانہ اخلاقیات کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینا ہوں گے۔دورے کے اختتام پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبہ بھر کے اضلاع میں محکمانہ کارکردگی، نظم و ضبط اور مقدمات کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاتا رہے گا تاکہ پراسیکیوشن کے نظام کو مزید مؤثر، مضبوط اور عوامی توقعات کے مطابق بنایا جا سکے۔

 

مزید خبریں