کشمیری شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، میرجان محمد خان جمالی

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان و سینئر سیاستدان میر جان محمد خان جمالی نے کہا ہے کہ 5 اگست کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کا دن ہے

کوئٹہ۔ 05 اگست (اے پی پی):سابق وزیراعلیٰ بلوچستان و سینئر سیاستدان میر جان محمد خان جمالی نے کہا ہے کہ 5 اگست کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کا دن ہے۔ بھارت نے 5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی کوشش کی، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسلسل محاصرے کا سامنا کررہے ہیں، لیکن اس کے باوجود ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔میر جان محمد خان جمالی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور کشمیر کاز کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر فورم پر جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو پاکستان کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ بھارت طاقت کے ذریعے کشمیری عوام کی آواز کو دبا نہیں سکتا، کشمیری عوام کی قربانیاں اور جدوجہد ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وہ دن ضرور آئے گا جب جموں و کشمیر کے عوام آزادی کی صبح دیکھیں گے۔ انہوں نے کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

 

مزید خبریں