کوئٹہ،بلوچستان میں سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کے لیے جدید پیشگی وارننگ سسٹم پر تربیتی پروگرام

یوکے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کے تعاون اور آئی او ایم پاکستان (IOM-Pakistan) کی معاونت سے BRAVE منصوبے کے تحت پی ڈی ایم اے کانفرنس ہال کوئٹہ میں سیلاب کی حساسیت کے تجزیے اور پیشگی وارننگ سسٹم کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی پروگرام منعقد ہوا

کوئٹہ۔ 05 اگست (اے پی پی):یوکے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کے تعاون اور آئی او ایم پاکستان (IOM-Pakistan) کی معاونت سے BRAVE منصوبے کے تحت پی ڈی ایم اے کانفرنس ہال کوئٹہ میں سیلاب کی حساسیت کے تجزیے اور پیشگی وارننگ سسٹم کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی پروگرام منعقد ہوا۔ تربیتی پروگرام کا مقصد صوبائی اور ضلعی سطح پر متعلقہ اداروں کی تکنیکی استعداد کار میں اضافہ، جدید رسک اسیسمنٹ، سیلاب کے خطرات کی نقشہ سازی اور پیشگی وارننگ سسٹم کو مزید موثر بنانا تھا۔ تربیتی پروگرام میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نوید احمد شیخ، آئی او ایم کے کلائمیٹ کوآرڈینیٹر الون، محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر مختار احمد مگسی، ورلڈ فوڈ پروگرام کے پروگرام ایسوسی ایٹ اسد علی، پروگرام پالیسی آفیسر مظہر بلوچ، پی پی او (مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن) نصیب اللہ خان، اے ڈی سی ریونیو جمیل اللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حفیظ اللہ کھوسہ سمیت پی ڈی ایم اے، محکمہ موسمیات، آئی ایف آر اے پی اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے افسران اور تکنیکی ماہرین نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکا کو سیلاب کی حساسیت کے تجزیے، خطرات کی نقشہ سازی، ڈیٹا مینجمنٹ، ہنگامی حالات میں بروقت الرٹس جاری کرنے، Automatic Weather Stations اور رین گیجز کی تنصیب، ڈیٹا اکٹھا کرنے اور مختلف اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کے طریقہ کار پر عملی تربیت دی گئی۔تربیت کے دوسرے مرحلے میں تکنیکی ٹیموں کو ایف ایس اے ڈیٹا، ڈیجیٹل میپنگ، ای ڈبلیو ایس الرٹ تھریش ہولڈز، سیلاب کے ممکنہ پھیلاؤ اور معیاری عملی طریقہ کار سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ مختلف فرضی سیلابی صورتحال پر عملی مشقیں بھی کرائی گئیں۔پروگرام کے اختتام پر شرکا نے ڈیٹا کی بروقت اپ ڈیٹس، الرٹس کے اجرا اور مختلف اداروں کے درمیان موثر رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جبکہ DDMA پورٹل کو روزمرہ کی بنیاد پر سیلابی خطرات اور موسمیاتی صورتحال کی نگرانی کے مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔