فیصل آباد میں پاکستان کرکٹ کے انڈر 17 سکلز ڈو یلپمنٹ کیمپ کا پہلا مرحلہ کامیابی سے جاری ہے، جس میں ملک بھر سے منتخب 48 باصلاحیت نوجوان کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں
پاکستان کرکٹ کے انڈر 17 سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کے پہلے مرحلے میں ملک بھر سے منتخب 48 باصلاحیت نوجوان کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، اعجاز احمد جونیئر

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 05 اگست (اے پی پی):فیصل آباد میں پاکستان کرکٹ کے انڈر 17 سکلز ڈو یلپمنٹ کیمپ کا پہلا مرحلہ کامیابی سے جاری ہے، جس میں ملک بھر سے منتخب 48 باصلاحیت نوجوان کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کو 12، 12 کھلاڑیوں پر مشتمل چار ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر ٹیم کیمپ کے دوران چار پریکٹس میچز کھیلے گی، جن کی بنیاد پر مجموعی طور پر 30 بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ہیڈ کوچ اعجاز احمد جونیئر نے اے پی پی کو بتایا کہ کیمپ کے لیے قومی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ٹرائل میچز کے ذریعے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے اور اب تک نوجوان کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کیمپ کے اگلے مرحلے میں منتخب کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارت، حکمتِ عملی، فٹنس اور ذہنی مضبوطی پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان نوجوان کھلاڑیوں کی اگلی منزل پاکستان انڈر 19 ٹیم ہے اور انڈر 19 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے باصلاحیت کرکٹرز کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی اہمیت رکھتی ہے، تاہم کیمپ کے دوران ہونے والے میچز بھی کھلاڑیوں کے انتخاب اور ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔








